ایلون مسک نے 41 بلین ڈالر میں ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کردی

دنیا کی امیر ترین شخصیت اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو 41 بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کردی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسک نے 54 اعشاریہ 20 ڈالر فی شیئر کی پیشکش کی جس کے مطابق ٹوئٹر کی مجموعی قدر 43 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر بورڈ نے کہا کہ وہ اس معاملے کی باریک بینی سے جائزہ لیں گے، جبکہ انہوں نے ایلون مسک کی اس پیشکش کو غیر منقولہ بھی قرار دیا۔

بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کمپنی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کارروائی کریں گے۔

ٹوئٹر پر ہی اپنے پیغام میں ایلون مسک نے لکھا کہ میں نے پیشکش کردی، ساتھ میں انہوں نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا لنک بھی شیئر کیا۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ میں نے ٹوئٹر میں اس لیے سرمایہ کاری کی ہے کیونکہ مجھے یقین ہے کہ اس پلیٹ فارم میں دنیا بھر میں آزادی اظہارِ رائے کی صلاحیت ہے، جبکہ میرا ماننا ہے کہ آزادی اظہارِ رائے جمہوریت کے کام کرنے میں سماجی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے میں نے اس پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کی، تب سے مجھے یہ اندازہ ہوا ہے کہ یہ کمپنی اپنی موجودہ صلاحیت میں نہ سماجی خدمت دکھا رہی ہے اور نہ ہی اس پر کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا میں اس کمپنی کے 100 فیصد شیئر خریدنے کی پیشکش کرتا ہوں جس کی قیمت 54 اعشاریہ 20 ڈالر فی شیئر ہوگی۔خیال رہے کہ مسک کی جانب سے یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا جب انہوں نے ایک روز قبل ٹوئٹر بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں