بالی ووڈ اداکارہ سونم کپورکے گھرمیں کروڑوں روپے کی پراسرارچوری میں ملوث ملزمہ پکڑی گئی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے زیورات سمیت 2 کروڑ 40 لاکھ بھارتی روپے کی چوری میں سونم کے گھر میں کام کرنے والی نرس اور اس کے شوہر کو گرفتارکیا ہے.
چوری دہلی میں سونم کپور کے امرتا شیرگل مارگ میں واقع گھر میں فروری میں ہوئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ سونم کی بیمار ساس کی دیکھ بھال پرمامور نرس اپرنا روتھ ولسن گھر میں ہی قیام پزیرتھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے اسپیشل برانچ ٹیم کے ساتھ منگل کی شب سریتا وہارمیں چھاپہ مارکرنرس اوراس کے شوہرکو گرفتارکیا، اپرناکا شوہر نریش کمارساگرنجی فرم میں بحیثیت اکاؤنٹنٹ کام کرتا ہے.
سونم اوران کے شوہر آنند آہوجا کے اس گھر میں اپرنا روتھ سمیت 20 ملازمین ہیں، 11 فروری کو ہونے والی اس چوری کی ایف آئی آرگھرکے منیجرنے درج کروائی تھی۔
ڈپٹی کمشنردہلی پولیس امروتھا گوگولوتھ کے مطابق ملزمہ کافی عرصے سے یہاں کام کرتی تھی، سونم کی بیمار ساس کا خیال رکھنے کے باعث اسےزیورات اور کیش تک رسائی ہوگئی ، ملزمہ نے چوری کے بعد زیورات اپنے شوہرکے حوالے کیےتھے۔
کیس کو مزید تفتیش کے لیے اسپیشل برانچ منتقل کردیا گیا ہے۔
بالی ووڈ اداکارانیل کپور کی صاحبزادی سونم نے 2018 میں آنند آہوجا سے شادی کی تھی، اس جوڑی کے یہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
کچھ عرصہ قبل سونم نے سوشل میڈیا پراپنے فالوورز کے ساتھ خوشخبری شیئرکی تھی کہ وہ امید سے ہیں.