یوٹیوب پر ڈاکٹر اسرار کا چینل معطل، قانونی چارہ جوئی کا اعلان

ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ یوٹیوب نے یہود مخالف تبصرے کرنے کے الزام میں اسلامی اسکالر ڈاکٹر اسرار احمد کے آفیشل ویب چینل کو معطل کردیا۔

ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کے تقریباً 30 لاکھ سبسکرائبرز تھے اور ان کے لیکچرز کو بڑی تعداد میں سراہا جاتا تھا۔

اسلامی اسکالر ڈاکٹر اسرار احمد کے چاہنے والے یوٹیوب کے اقدام پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ وہ اسلام کے عظیم اسکالر ہیں جنہوں نے کبھی تشدد کی تبلیغ نہیں کی اور اپنے پیروکاروں کو تعلیم حاصل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کی تلقین کی۔

تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے یوٹیوب پر ڈاکٹر اسرار احمد آفیشل یوٹیوب چینل کو بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلاموفوبیا کی بدترین شکل قرار دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ لاکھوں سبسکرائبرز اور کروڑوں ویورز کا حامل یہ عالمی شہرت یافتہ یوٹیوب چینل اسلام دشمن قوتوں کی آنکھوں میں روزِ اوّل سے کھٹکتا تھا۔

شجاع الدین شیخ نے کہا کہ مختلف مواقع پر جھوٹے عذر تراش کر بارہا اس پر پابندی لگانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے اس شرمناک فعل کے جواب میں تنظیم اسلامی نے متعلقہ پلیٹ فارمز کے ذریعے بھرپور قانونی چارہ جوئی کا آغاز کر دیا ہے۔

شجاع الدین شیخ نے متنبہ کیا کہ اگر مسلمانوں نے انفرادی طور پر اور امتِ مسلمہ میں بحیثیت مجموعی اسلاموفوبیا اور تعصب پر مبنی اس طرح کے واقعات کے خلاف بروقت اور بھرپور ردعمل نہ دیا تو اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے اس نوعیت کے مزید اشتعال انگیز اقدامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں