بابر اعظم ‘دی ہنڈریڈ’ ٹورنامنٹ کے ڈرافٹ کیلئے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلینڈ میں ہونے والے ‘دی ہنڈریڈ ‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پلیئرز ڈرافٹ کیلئے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔

بابر اعظم کی ریزرو پرائز ایک لاکھ 25 ہزار پاونڈز (یعنی تین کروڑ پاکستانی روپےکے لگ بھگ ) رکھی گئی ہے، اس کے علاوہ شاداب خان، حارث رؤف اور محمد عامر کی ریزرو پرائز 75 ہزار پاونڈز رکھی گئی ہے۔

رواں سال ہونیوالے دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے لیے پلیئرز ڈرافٹ چار اپریل کو ہوں گے، اس پلیئرز ڈرافٹ میں 284 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں، 8 ٹیمیں ان میں سے 17 کو اپنے اسکواڈ میں شامل کریں گی۔

ڈرافٹ کی فہرست میں سب سے مہنگی کیٹیگری ان پلیئرز کی ہے جن کی ریزرو پرائز سوا لاکھ پاونڈز ، یعنی تین کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔

اس فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم کے علاوہ کرس گیل، مچل مارش، سنیل نرائن، کیرون پولارڈ، نکولز پورن، تبریز شمسی اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں ۔

ڈرافٹ میں شامل دیگر پاکستانی کرکٹرز میں شاداب خان، حارث رؤف اور محمد عامر 75 ہزار پاونڈز، شعیب ملک اور نسیم شاہ 50 ہزار پاونڈز جبکہ شا ن مسعود، وہاب ریاض اور عماد وسیم 40 ہزار کی ریزرو پرائز کیٹیگری میں شامل ہیں ۔

اس کے علاوہ افتخار احمد، سرفراز احمد، کامران اکمل، عمر اکمل، قاسم اکرم، انور علی، آصف علی، عماد بٹ، شاہنواز دھانی، محمد حفیظ، میر حمزہ، محمد حارث، محمد حسنین، محمد الیاس، ارشد اقبال ، عاکف جاوید، عمران خان، ساجد خان، سہیل خان، اعظم خان ، صہیب مقصود، وقاس مقصود، محمد نواز، اسامہ میر، رومان رئیس، عثمان قادر ، یاسر شاہ، عبداللہ شفیق، احمد شہزاد، عثمان شنواری، حارث سہیل، حسین طلعت اور عامر یامین بغیر کسی ریزرو پرائز کے ڈرافٹ کی فہرست میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ فرنچائز کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جس میں ہر ٹیم 100 گیندوں کی اننگز کھیلتی ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں8 مردوں اور8 خواتین کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ یہ انگلینڈ اور ویلز کے بڑے شہروں میں کھیلا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں