افغان طالبان نے کابل میں داخل ہونے کے بعد صدارتی محل ارگ کا کنٹرول سنبھال لیا۔
برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز نے دو طالبان کمانڈرز کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان جنگجو صدارتی محل پر قابض ہوچکے ہیں۔ جس وقت طالبان آئے تب تک سرکاری عملہ اور حکومتی حکام محل چھوڑ کر جا چکے تھے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب طالبان نے کابل کے شہری اضلاع سے پولیس اور فوج کے فرار ہونے کے بعد امن و امان کے قیام کیلئے شہر میں داخل ہونا شروع کیا۔ اس سے پہلے صبح سے ہی طالبان کابل کے باہر موجود تھے۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ صدر اشرف غنی، نائب صدر امراللہ صالح سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدار کابل چھوڑ کر پڑوسی ملک تاجکستان فرار ہوگئے ہیں۔