بھارت کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ کو ٹائم 100 امپیکٹ ایوارڈز میں ذہنی صحت کے مسائل کے حل کے لیے تعاون کرنے پر ایک اہم اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
دیپیکا پڈوکون نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔
اپنی انسٹا پوسٹ میں انہوں نے مداحوں کو اس خوشی کی خبر سے آگاہ کیا کہ اُنہیں دنیا بھر کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی عالمی شخصیات کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔
اداکارہ نے اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ پیر کی صبح کا آغاز بہت اچھا ہے۔
اداکارہ کے بارے میں ٹائم 100 کے آرٹیکل دیپیکا پڈوکون وانٹس ٹولِواوتھینٹیکل میں لکھا گیا ہے کہ ان کا ذہنی بیماری کا اتنا گہرا تجربہ تھا کہ اس حوالے سے بات نہ کرنا اُنہیں بے ایمانی محسوس ہوا۔
یاد رہے کہ دیپیکا پڈوکون کا شمار بالی ووڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے انکشاف کیا تھا کہ اُنہیں زندگی میں ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دیپیکا پڈوکون نے 2015 میں لِو لانگ لائف کے نام سے ایک فاؤنڈیشن کا آغاز کیا تھا جو کہ ذہنی صحت کے مسائل اور ان مسائل کے حوالے سے بات کرنے کی اہمیت کے بارے میں ہے جو لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے کام کرتی ہے،اس فاؤنڈیشن نے چند سالوں میں کافی ترقی حاصل کی۔
اداکارہ ذہنی سکون پر خاص توجہ مرکوز کرنے پر یقین رکھتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنےکے لیے ان کا نظریہ یہ ہے کہ جتنا ممکن ہو ایمانداری سے زندگی گزاریں۔