آسٹریلوی ٹیم کو دھچکا، مچل مارش وائٹ بال سیریز سے باہر

پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز سے مہمان ٹیم کے آل راؤنڈر مچل مارش انجری کے باعث دستبردار ہوگئے۔

آسٹریلیا کی پاکستان میں ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر سے کامیابی کے بعد فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ اور اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر کو آرام دیا جا رہا ہے۔

گلین میکسویل شادی جبکہ کین رچرڈسن اور اسٹیو اسمتھ بھی انجری کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے مچل مارش کی انجری کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران مچل مارش آسٹریلیا کے اہم کھلاڑی رہے ہیں، اور ان سے توقع کی جارہی تھی کہ وہ پاکستان کے خلاف ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کریں گے۔

ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد اب پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے ہوگا۔

تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ میچ کل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو کہ دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں نے ون ڈے میچز کی تیاری شروع کردی ہے جس کے لئے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کل تین گھنٹے کا بھرپور پریکٹس سیشن بھی ہوا۔

واضح رہے کہ ون ڈے سیریز کے دیگر 2 میچز بھی لاہور میں ہی 31 مارچ اور 2 اپریل کو شیڈول ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں