سعودی عرب میں حرمین الشریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں غلافِ کعبہ کی مرمت و صفائی کا کام مکمل کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق غلافِ کعبہ کی مرمت و صفائی رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریوں کے ضمن میں کی گئی ہے۔
حرمین الشریفین انتظامیہ کے تحت غلافِ کعبہ کمیٹی کے سربراہ فہد بن حضیض الجابری نے کہا ہے کہ غلافِ کعبہ کی مرمت اور صفائی کا کام طے شدہ منصوبے کے مطابق کیا جاتا ہے۔
کمیٹی کے سربراہ فہد بن حضیض نے بتایا ہے کہ ماہرین روزانہ کی بنیاد پر غلافِ کعبہ کا معائنہ کرتے ہیں۔ اِن ماہرین میں سے بعض کا 26 سال کا تجربہ ہے۔
کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ غلافِ کعبہ کا جائزہ لیا گیا اور جہاں کہیں مرمت کی ضرورت تھی وہاں مرمت کرنے کے بعد صفائی کے علاوہ غلاف کو حلقوں سے مضبوطی کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔
غلافِ کعبہ کی مرمت و صفائی کمیٹی کے طے شدہ ضوابط کے تحت کی جاتی ہے۔