امریکی اداکار وِل اسمتھ نے آسکر ایوارڈ 2022ء کی لائیو تقریب کے دوران بیوی کا مذاق اُڑانے پر امریکی کامیڈین کرس راک کو مکا دے مارا۔
گزشتہ شام 94ویں اکیڈمی ایوارڈ، آسکر ایوارڈ 2022 کی تقریب کے دوران پیش آنے والا ایک غیر معمولی واقعہ سوشل میڈیا سمیت دنیا بھر کے میڈیا پر خوب وائرل ہے۔
آسکر ایوارڈ کے سلسلے میں جاری لائیو شو کے دوران کامیڈین کرس راک کی جانب سے میزبانی اور شرکاء کو ہنسانے کا سیشن جاری تھا، اس دوران کرس راک نے شرکاء کو ہنسانے کی غرض سے بہترین اداکار نامزد ہونے والے اداکار ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کو مذاق کا نشانہ بنایا۔
کرس راک کا جاڈا پنکٹ کے بالوں کی کٹنگ کا مذاق اور ایک فلم کے سیکوئل میں کام کرنے سے متعلق تجویز دی گئی، اس مذاق پر آسکر ایوارڈ کے ہال میں ایک دم خاموشی چھا گئی اور سب ہی اس مذاق پر حیران ہو گئے۔
Will Smith punches Chris Rock at the #Oscars.
“Keep my wife’s name out of your fucking mouth”
— Pop Base (@PopBase) March 28, 2022
اپنی اہلیہ کا نام آنے پر ول اسمتھ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سیخ پا ہو گئے۔
ول اسمتھ اپنی کرسی سے اُٹھ کر اسٹیج پر جا پہنچے اور کرس راک کو مکا دے مارا، اسٹیج سے واپس آتے ہوئے ول اسمتھ کا کرس راک پر چلّاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میری بیوی کا نام اپنے منہ پر مت لاؤ۔‘
واضح رہے کہ ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ بالوں کی بیماری ’ایلو پیشیا‘ کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔