پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور ٹیسٹ میچ کا آخری دن سیریز کا فیصلہ کن دن بن گیا، جمعہ کو دونوں ٹیموں کی اچھی کارکردگی کسی ایک ٹیم کو میچ سمیت سیریز کا بھی فاتح بنادے گی۔
لاہور ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے دلیرانہ فیصلہ کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز 227 رن تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 351 رن کا ہدف دیا تھا جس کے بعد دن کے اختتام پر پاکستان نے کسی نقصان کے بغیر 73 رن بنالیے تھے۔ امام الحق 42 اور عبداللّٰہ شفیق 27 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز اب پاکستان کو میچ اور سیریز جیتنے کے لئے مزید 278 رن بنانے ہیں جبکہ آسٹریلیا کو پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے۔
لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، محمد رضوان، ساجد خان، حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ اور نسیم شاہ کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پنڈی میں جبکہ دوسرا کراچی میں ڈرا ہوگیا تھا جس کے بعد اب اس ٹیسٹ میچ کا آخری روز دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کرے گا۔