ممبئی پولیس نے آئی پی ایل کے دوران حملے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی پولیس نے دعوی کیا ہے اس مرتبہ آئی پی ایل کے میچز کے دوران دہشت گردی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
اس حوالے سے ممبئی پولیس نے الرٹ بھی جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران گرفتار دہشت گرد نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اسٹیڈیم اور ہوٹل کے اطراف سیکیورٹی کا جائزہ لیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئی پی ایل میچز کے پیش نظر اسٹیڈیمز اور کھلاڑی کے رہائشی ہوٹلز میں سیکیورٹی بڑھادی ہے۔
سیکیورٹی کے لیے 26 مارچ سے 22 مئی کے دوران کوئک رسپانس ٹیم، بم اسکواڈ اور اسٹیٹ ریزروو پولیس فورس کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں امپائرز اورمیچ آفیشلز کی بھی سیکیورٹی کو بڑھادیا گیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کو پنڈال تک لانے والی بسوں کو بھی خصوصی اسکاؤٹ فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل رواں سیزن کے لیگ میچز صرف ممبئی اور پونے میں کھیلے جائیں گے تاکہ ہوائی سفر سے گریز کرتے ہوئے کورونا کے خطرے کو بھی کم کیا جاسکے۔
ممبئی سے شروع ہونے والی لیگ کے میچز میں شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچز دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے لیے ٹکٹس کی فروخت بھی پیر سے شروع ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ ایونٹ کا پہلا میچ ہفتے کو دفاعی چیمپئن چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈر کے درمیان کھیلا جائے گا۔