بھارت سری لنکا ٹیسٹ: آئی سی سی نے بنگلور اسٹیڈیم کی پچ غیر معیاری قرار دیدی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان بنگلور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ کو بھی غیر معیاری قرار دے دیا۔

بھارت اور سری لنکا کے درمیان 12 مارچ سے بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں مجموعی 39 وکٹوں میں  سے 26 اسپنرز نے لیں جبکہ کھیل کے پہلے دن بولرز نے 16 وکٹیں حاصل کیں۔

 تاہم آئی سی سی کے میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کھیل کے پہلے دن ہی پچ نے اسپنرز کو بہت زیادہ ٹرن  فراہم  کیا  اگرچہ ہر سیشن کے ساتھ اس میں بہتری آئی لیکن میری نظر میں یہ بلے اور گیند کے درمیان یکساں مقابلہ نہیں تھا۔

میچ ریفری کی رپورٹ میں آئی سی سی قوانین کے مطابق اس وکٹ کو معیار سے کم قرار دیا گیا جبکہ بنگلورکے چنا سوامی اسٹیدیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی  ملا،  یہ ڈی میرٹ پوائنٹ پانچ سال تک ایکٹیو رہے گا۔

واضح رہے کہ اگر کسی وینیو پر ایک ساتھ 5ڈی میرٹ پوائنٹ عائد ہوجائے تو اس کے ایک سال تک کسی میچ کی میزبانی پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ تین دن کے اندر بھارت کی جیت کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔

خیال رہے کہ اسی ماہ آئی سی سی نے  پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ میں استعمال ہونیوالی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کو  بھی معیار سے کم قراردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں