پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، پاکستانی کپتان بابر اعظم نے چوتھی اننگز میں 607 منٹ کریز پر ٹھہر کر جدوجہد کی تاہم میچ پاکستان کے حق میں نہ کرسکے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بابراعظم نے 425 گیندیں کھیل کر 196 رنز کی بڑی اننگز کھیلی، جو آج تک چوتھی اننگز میں کسی بھی کپتان کی جانب سے کھیلی گئی سب سے بڑی اننگز ہے۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ پاکستان نے پانچویں روز کا آغاز کیا تو بابراعظم اور عبداللہ شفیق کریز پر موجود تھے۔
قومی ٹیم کو جیت کے لیے 316 رنز درکار تھے، ایسے میں عبداللہ 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے فواد عالم کریز پر آئے تاہم ان کا سفر مختصر ثابت ہوا۔ وہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر محمد رضوان اپنے کپتان کا ساتھ دینے آئے اور دونوں نے 115 رنز کی شراکت داری قائم کی، بابراعظم 196 پر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان نے بھی شاندار سنچری اسکور کی انہوں نے 101 رنز بنائے۔