شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لے لی

بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ذہنی اور جسمانی حالت کا حوالہ دیتے ہوئے عارضی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، شکیب الحسن ذاتی وجوہات کی بناء پر دبئی روانہ ہوگئے ہیں اور وہ جنوبی افریقا کے خلاف رواں ماہ کے آخر میں شیڈول ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

شکیب الحسن نے اپنے بیان میں کہا کہ میری ذہنی اور جسمانی حالت کو دیکھتے ہوئے، مجھے نہیں لگتا کہ میں اتنی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل سکوں گا، اگر مجھے وقفہ مل جائے تو میں زیادہ آسانی سے کھیل سکتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں افغانستان سیریز میں بطورِ کرکٹر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے لطف اندوز نہیں ہوسکا جس کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ مجھے جنوبی افریقا کے دورے میں ایسی ذہنیت کے ساتھ ہونا چاہیے۔

بنگلادیشی کرکٹر نے کہا کہ میں کھیلتے ہوئے سب کی توقعات پر پورا اترنا چاہتا ہوں، میری بہترین کارکردگی کی کوئی ضمانت نہیں ہے لیکن کم از کم مجھے معلوم ہوگا کہ میں نے اس کے لیے پوری کوشش کی اور ناقص ذہنی حالت کے ساتھ کھیلنا اپنے ساتھیوں اور ملک کو دھوکہ دینے کے برابر ہے۔

شکیب الحسن نے کہا کہ انہوں نے اپنے فیصلے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نمائندے کو آگاہ کر دیا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نمائندے نے مجھے اس بارے میں ایک دو دن سوچنے کا کہا ہے اور سوچنے کے بعد یہی فیصلہ کیا ہے کہ میں بہتر جسمانی حالت میں ٹیسٹ کھیلنے کے لیے ون ڈے سیریز چھوڑ سکتا ہوں۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن نے افغانستان کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں 74 رنز بنائے اور سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں