امریکی ملک میکسیکو میں ایک فٹ بال میچ کے دوران تماشائی آپس میں لڑ پڑے جس کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہوگئے۔ جھگڑے میں زخمی ہونے والوں میں سے نو کو ہسپتال داخل کرایا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
بی بی سی کے مطابق تماشائیوں میں یہ لڑائی لیگا ایم ایکس کے دوران اٹلس اور کوریتارو کے میچ کے دوران لا کوریگدورا سٹیڈیم میں ہوئی۔ بعض کھلاڑیوں نے تماشائیوں کو پرسکون کرنے کی کوشش کی لیکن یہ بار آور ثابت نہ ہوئی جس پر کھلاڑیوں کا لاکر روم میں بھیج دیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق جھگڑا میچ کے 63 ویں منٹ میں ہوا ، اس وقت تک کے کھیل میں اٹلس کی ٹیم کو 1-0 کی برتری حاصل تھی۔ لیگا ایم ایکس کے صدر کا مائیکل آریولا نے اعلان کیا ہے کہ لیگ کے اتوار کے روز ہونے والے تمام میچز ملتوی کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سٹیڈیم کے اندر سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکامی کے ذمہ داروں کو کڑی سزائیں دی جائیں گی۔