امریکا کی پروڈکشن اور سبسکرپشن بیسڈ اسٹریمنگ خدمات فراہم کرنے والی کمپنی نیٹ فلکس اب گیمنگ انڈسٹری میں بھی داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔
نیٹ فلکس نے فن لینڈ کے موبائل گیم اسٹوڈیو’ نیکسٹ گیم‘ کو خریدنے کی پیش کش کردی ہے۔ اور اس مد میں 65 ملین یورو کی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
نیٹ فلکس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کمپنی نے پبلکلی لسٹڈ موبائل گیم کمپنی نیکسٹ گیم کو خریدنے کی پیش کش کردی ہے۔
اس حوالے سے نیٹ فلکس کے نائب صدر برائے گیمزمائیکل وردو کا کہنا ہے کہ ’ ہم نیکسٹ گیم کی نیٹ فلکس میں بطور کور اسٹوڈیو شمولیت کے لیے بہت پُرجوش ہیں‘
نیٹ فلکس کے اس بیان کے بعد نیکسٹ گیمز کے حصص کی قدر 119 فیصد اضافے کے 2.04 یورو پر پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل نارڈک فرسٹ نارتھ اسٹاک ایکسچینج میں یہ منگل کو کاروبار کے اختتام پر 0.93 یورو پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ سال نومبر میں موبائل گیمنگ مارکیٹ میں داخل ہونے کے بعد اب نیٹ فلکس نیکسٹ گیم اسٹوڈیو میں 65 ملین یورو کی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، یہ پیش کش موبائل گیم کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے تجویز کی گئی تھی۔
دونوں کمپنیوں کے مطابق یہ معاہدہ جون کے اواخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔