روسی طیاروں کے یورپی فضائی حدود استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد

یورپ نے روسی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پرمکمل پابندی عائد کردی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن کی سربراہ نے یوکرین پر روسی حملے کے چوتھے روز روسی پروازوں کے یورپ کی فضائی حدود کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔

سربراہ یورپی کمیشن کا کہنا تھا کہ ہم روس کے طیاروں پر یورپی فضائی حدود کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کررہے ہیں جس کے تحت روس کے زیر کنٹرول، رجسٹرڈ اور اس کے زیر ملکیت طیاروں کے یورپی فضائی حدود کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ روس کے نجی طیاروں سمیت کسی بھی قسم کی پروازوں کو یورپی زمین پر اترنے یا پرواز کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ روسی طیاروں کو برطانیہ کی فضائی حدود استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

یورپی کمیشن کے اعلان سے پہلے ہی یورپی ممالک نے روسی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کو بند کردیا تھا۔

دوسری جانب یورپی کمیشن کے اعلان کے بعد روس کی سب سے بڑی ائیرلائن نے یورپ کے لیے اپنی تمام پروازوں کو منسوخ کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں