سوشل میڈیا سائٹ فیس بک نے روس کے سرکاری میڈیا پر اپنے پلیٹ فارم سے اشتہار چلانے پر پابندی عائد کر دی۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ روس کے یوکرین پر حملوں کے بعد فیس بک نے روسی میڈیا کی مونیٹائزیشن ختم کردی اور ساتھ ہی ہم روسی سرکاری میڈیا پر دنیا بھر میں اپنے پلیٹ فارم پر اشتہارات چلانے پر پابندی عائد کررہے ہیں۔
اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم روس کی جانب سے کی جانے والی بمباری اور یوکرین کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
پابندی کے بعد روسی نشریاتی اور حکومتی ادارے جنگ سے متعلق کوئی مواد شیئر کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
ناصرف فیس بک بلکہ ٹوئٹر اور گوگل نے بھی فوری اقدامات کرتے ہوئے روس پر پابندی عائد کی۔
گوگل کا کہنا تھا کہ یوٹیوب سے تشدد والی متعدد روسی ویڈیوز ہٹادی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ٹوئٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم روس، یوکرین میں عارضی طورپر اشتہارات روک رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر 24 فروری کو حملوں کا آغاز کیا جس کے بعد یورپی یونین اور امریکا نے روس پر پابندیاں نافذ کرنے میں پہل کی تاہم اب ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی روس کے اقدام پر اس پر پابندی لگارہی ہیں۔