نامور بھارتی گلوکار وموسیکار بپی لہری کے پاس موجود سونے اور چاندی کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری کو درجنوں سپر ہٹ گانے دینے والے موسیکار وگلوکار بپی لہری آج طویل علالت کے بعد 69 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
27 نومبر 1952 کو مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں پیدا ہونے والے بپی لہری کا اصل نام آلوکیش لہری تھا اور ان کے والد کا نام اپریش لہری اور والدہ کا نام بنساری لہری تھا جب کہ انہوں نے صرف 3 سال کی عمر سے طبلہ بجانا شروع کردیا تھا۔
پی لہری نے 1980 اور 1990 کی دہائی میں اپنی موسیقی اور گانوں کے ذریعے کروڑوں لوگوں کے دلوں جگہ بنائی اور انہوں نے ہندی کے علاوہ بنگالی، تامل، تلگو اور کنڑ زبانوں میں بھی گانے نہ صرف کمپوز کیے بلکہ خود بھی گائے۔
بھارتی موسیکار نے امریکی راک اسٹار ’ایلوس پریسلے‘ سے متاثر ہوکر سونا پہننا شروع کیا اور بعد ازاں وہ سونے کو اپنے لیے خوش قسمتی کی علامت سمجھنے لگے جس کے باعث انہیں بالی ووڈ انڈسٹری میں ’’گولڈ مین‘‘ کا خطاب ملا کیوں کہ وہ ہر وقت سونے سے لدے رہتے تھے۔
بھارتی موسیقار نے سیاست میں بھی قدم رکھا لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے، 2014 میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے مغربی بنگال سے لوک سبھا (ایوان زیریں) کی نشست پر انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے۔
بپی لہری نے 2014 میں لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے دوران اپنی کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی تفصیلات بتائیں جس میں انہوں نے اپنے پاس موجود سونے اور چاندی کی تفصیلات سے بھی الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا۔
بپی لہری نے 2014 میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات میں بتایا کہ میرے پاس 752 گرام سونا اور 4.62 کلو چاندی موجود ہے یعنی کے ان کے پاس 8 سال پہلے جتنا سونا موجود تھا اس کی مالیت آج 81 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
گلوکار کے پاس موجود چاندی کی رقم 6 لاکھ کے قریب ہے تاہم یہ 2014 کی بات ہے اور یقیناً انہوں نے ان 8 سالوں کے دوران مزید سونا بھی خریدا ہوگا اور مرنے سے پہلے ان کے پاس اس سے بھی زیادہ سونا موجود ہوگا۔