ہیزل ووڈ کی تباہ کن بالنگ، سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست

آسٹریلیا نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 20 رنز سے شکست دے دی۔

سڈنی میں کھیلے گئے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں بین مکڈرموٹ (53) کی نصف سنچری کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ مارکس اسٹوئنس 30 اور جوش انگلس 23 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔باقی کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔

اسٹیو اسمتھ 9، کپتان ایرون فنچ8، گلین میکسویل 7، میتھیو ویڈ 4،پیٹ کمنز 2 اور مچل اسٹارک ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ایڈم زیمپا اور جوش ہیزل ووڈ 2،2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارنگا نے 3 جبکہ دشمانتھا چمیرا، بنورا فرنانڈو اور چمیکا کرونا رتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بارش سے متاثرہ میچ میں سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جیت کے لیے 19 اوورز میں 143 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 19 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بناسکی۔

پتھم نسانکا 36رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ دنیش چندیمل 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ چارتھ اسالانکا 16، ونندو ہسارنگا 13 رنز بناسکے۔

کپتان ڈسن شناکا 7، اوشکا فرنانڈو 6، دشمانتھا چمیرا 5 ، دنشکا گناتھیلاکاایک اور چمیکا کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے صرف 12 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ایڈم زیمپا نے 3 اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایڈم زیمپا کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں