لتا جی! بھارتی قوم میں ایک خلا چھوڑ گئیں: نریندر مودی

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی موت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں نریندر مودی نے کہا کہ ’میں بہت دُکھی ہوں کیونکہ ہماری لتا دیدی ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں، وہ ہماری قوم میں ایک خلا چھوڑ گئی ہیں جسے پُر نہیں کیا جا سکتا۔‘

نریندر مودی نے کہا کہ ’آنے والی نسلیں انہیں بھارتی ثقافت کی ایک باوقار شخصیت کے طور پر یاد رکھیں گی، جن کی سُریلی آواز میں لوگوں کو مسحور کرنے کی بے مثال صلاحیت تھی۔‘

مودی نے کہا کہ ’لتا دیدی کے گانوں نے طرح طرح کے جذبات کو جنم دیا، انہوں نے کئی دہائیوں تک بھارتی فلمی دنیا کی تبدیلیوں کو قریب سے دیکھا۔‘

بھارتی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ’فلموں کے علاوہ، وہ ہمیشہ بھارت کی ترقی کے بارے میں پُرجوش تھیں، وہ ہمیشہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ بھارت دیکھنا چاہتی تھیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں اسے اپنا اعزاز سمجھتا ہوں کہ مجھے لتا دیدی سے ہمیشہ بے پناہ پیار ملا ہے، اُن کے ساتھ میری بات چیت ناقابل فراموش رہے گی۔‘

مودی نے مزید کہا کہ ’میں لتا دیدی کی موت پر اپنے ہم وطنوں کے ساتھ غمزدہ ہوں اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘

واضح رہے کہ فنِ گلوکاری کے ذریعے بھارتی فلم نگری پر طویل عرصے راج کرنے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کر گئیں۔

92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں