بیجنگ: ونٹراولمپکس کی افتتاحی تقریب کا آغاز، وزیراعظم شریک

چین کے شہر بیجنگ میں ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہوگیا ہے، وزیر اعظم عمران خان بھی وفاقی وزراء کے ہمراہ تقریب میں موجود ہیں۔

سرمائی اولمپکس میں 91 ممالک کے 2800 سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، میگا ایونٹ میں 7 مختلف کھیلوں کے 109 مقابلے ہوں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان 6 فروری تک چین میں قیام کریں گے ، دورہ کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہیں۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کی قیادت علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لے گی، چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیشرفت کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔

دورے کے دوران وزیراعظم متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ عمران خان پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔ اس سلسلے میں کرونا وباء کے باوجود 140 تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک پارٹنر شپ کا اظہار ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں