ارجنٹائن میں کوکین کے استعمال سے 20 افراد ہلاک

جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں نشہ آور مواد کوکین کے استعمال سے 20 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 74 افراد کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ وہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ کوکین میں کیسا نقصان دہ مواد شامل کیا گیا تھا، شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے میں خریدی جانیوالی کوکین ضائع کردیں۔

بیونس آئرس کے سیکیورٹی چیف سرگیو برنی نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ زہریلے مواد کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اسے پھیلنے سے روکا جاسکے۔ پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر 10 افراد کو حراست میں لیا ہے جو زہر آلود کوکین کی فروخت میں ملوث ہیں، زہرآلود کوکین تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوا دی گئی ہے۔

بدھ کی صبح شہر کے 3 مختلف اسپتالوں میں کئی اموات اور زہر کے زیر اثر ہونے مریضوں کو لانے کا انکشاف ہوا تاہم بعد ازاں پتہ چلا کہ ایسے مریضوں کا 8 اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق کوکین استعمال کرنیوالے مریضوں کو اچانک دل کا دورہ پڑا یا پھر ان پر شدید کپکپی طاری ہوئی۔ سیکیورٹی چیف سرگیو برنی نے بتایا کہ کوکین میں ایسا کوئی مواد شامل تھا جس نے لوگوں کے اعصابی نظام پر حملہ کیا، اسپتالوں میں مزید ایسے مریض لائے گئے ہیں جن کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

پبلک پراسیکیوٹر نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ حکام کی اولین ترجیح یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد تک بات پہنچائی جائے کہ جن کے پاس زہر آلود کوکین ہے وہ اسے استعمال نہ کریں.

اپنا تبصرہ بھیجیں