مخصوص صارفین کے لیے 22 ہزار جی بی کی ہارڈ ڈرائیو متعارف

ہارڈ ڈسک کو کمپیوٹر میں وہی اہمیت حاصل ہے جو انسانی جسم میں دل کو، کمپیوٹر کےارتقائی دور میں معلومات جمع کرنے کے لیے 20 جی بی ہارڈ ڈسک اسٹوریج کو بھی بہت جانا تھا۔

تاہم ’مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی‘ کے مصداق اس میدان میں ہونے والی ترقی کے ساتھ ساتھ ہارڈ ڈرائیو کی گنجائش میں اضافہ بھی ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔

ڈیٹا کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپیوٹر ہارڈ ویئر بنانے والی پائنیر کمپنی سیگیٹ نے مخصوص صارفین کے لیے اپنی نوعیت کی واحد SMR ہارڈ ڈرائیو پیش کر دی ہے۔

شنگلیڈ میگنیٹک ریکارڈنگ ٹیکنالوجی سے لیس اس 22 ہزار گیگا بائٹس ( 22 ٹیرا بائٹس) ہارڈ ڈرائیو کو بڑے پیمانے پر ڈیٹا جمع کرنے والے ہائپر اسکیل ڈیٹا سینٹر کے لیے بنایا گیا ہے۔

سیگیٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیو موسلے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے حال ہی میں اپنے مالیاتی مشیروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ہونے والی کانفرنس کے بعد 22 ٹی بی کی ایس ایم آر ہارڈ ڈرائیو کوصرف’دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں‘ کو بھیجنے کا آغاز کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیگیٹ کی ہوسٹ مینیجڈ 22 ٹی بی ہارڈ ڈرائیو کو فی الحال صرف ایسے صارفین کو فروخت کیا جائے گا جو کہ بڑے ڈیٹا سینٹرز چلا رہے ہیں اور ان کے پاس شنگلیڈ میگنیٹک ریکارڈنگ ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کا سافٹ ویئر موجود ہے۔

سیگیٹ کی جانب سے اس ہارڈ ڈرائیو کی قیمت اور مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی۔ تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس کی قیمت 600 ڈالر سے زائد ہونے کی توقع ہے۔

ماضی میں سیگیٹ کی جانب سے پیش کی گئیں 20 ٹی بی کی آئرن وولف پرو اور ڈبلیو ڈی گولڈ ہارڈ ڈرائیو کو 600 ڈالر پر فروخت کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں