پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ آئے روز اپنے صارفین کی سہولت کے لیے نت نئی تبدیلیاں کرتی ہے جس کی وجہ سے صارفین اس ایپ کو پسند بھی کرتے ہیں۔
ایپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب ایپ نے ڈیسک ٹاپ والے صارفین کے لیے وائس نوٹ بھیجنے میں آسانی پیدا کردی ہے۔
نئی اپ ڈیٹ کے مطابق اب اگر آپ واٹس ایپ ویب سے کسی کو وائس نوٹ بھیجیں گے تو اسے درمیان میں پاز یعنی روک سکتے ہیں۔
یہ اس صورت میں صارفین کے لیے بہترین ثابت ہوگا جب وہ اپنی آواز ریکارڈ کررہے ہوں اور اسکرین پر کسی اور دوست کا ایمرجنسی پیغام موصول ہو جسے آپ کو فوری جواب دینا ضروری ہو اور آپ اس وقت کافی لمبا وائس نوٹ ریکارڈ کر چکے ہیں اور اسے حذف نہیں کرنا چاہتے۔
ایسے میں آپ اسے روک کر اپنے دوسرے دوست کو جواب دے سکیں گے اور بعد میں وائس نوٹ والی چیٹ میں آکر وہیں سے اپنا پیغام جاری رکھ سکیں گے۔