ڈبلن: آئر لینڈ میں دو سال بعد کورونا کی تمام پابندیاں ختم کر دی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ ہفتے تک آئر لینڈ یورپ میں کورونا مثبت کیسز کی بلند ترین شرح والا ملک تھا لیکن اب کورونا کیسز میں کمی کے بعد آئر لینڈ میں کورونا کی لگائی گئی پابندیوں کو ختم کر دیا گیا۔
آئر لینڈ میں کورونا سے بچاؤ کے لیے اضافی ویکسی نیشن کی کامیاب مہم کے بعد وبا کو مکمل کنٹرول کر لیا گیا۔ جس کی وجہ سے ملک میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سی کمی آئی ہے۔
کورونا وائرس کے دوران آئر لینڈ یورپ کے ان چند محتاط ترین ممالک میں شامل تھا جس نے اندرون اور بیرون ملک طویل ترین سفری پابندیاں لگائیں لیکن اب تمام تر صورتحال کے بعد آئر لینڈ نے 2 سال سے لگی تقریباً تمام پابندیاں اٹھالی ہیں۔
آئر لینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے ملک میں پابندیاں اٹھانے کا اعلان ٹی وی پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔
مائیکل مارٹن نے کہا کہ ہم نے اومیکرون کے طوفان کا مقابلہ کیا ہے اور میں نے کورونا وبا کے دوران اپنے ملک کے عوام سے بہت برے وقت میں بات کی ہے لیکن اب اچھا وقت آگیا ہے۔
آئر لینڈ کے وزیر اعظم کے مطابق اب ملک بھر میں بارز اور ہوٹل رات 8 بجے کے بعد بھی کھلے رہیں گے، عوامی مقامات پر جانے والوں سے کورونا ویکسی نیشن کا ثبوت نہیں مانگا جائے گا۔