چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اومی کرون کیس کی نشاندہی کے بعد شہر میں داخلے کے قواعد میں سختی کردی گئی جبکہ دارالحکومت آنے والوں کو 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز بیجنگ کے ضلع ہایدیان میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کی مقامی منتقلی کا پہلا کیس رپورٹ ہوا۔
اومی کرون کی تشخیص کے متاثرہ شہری کے اپارٹمنٹ اور دفتر کو سیل کردیا گیا اور دونوں مقامات پر 2430 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔
دارالحکومت میں اومی کرون کیس کی نشاندہی کےبعد شہرمیں داخلےکے قواعد میں سختی کردی گئی ہے اور بیجنگ آنے والوں کو72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بیجنگ میں نئی سفری پابندی 22 جنوری سے مارچ تک نافذ رہے گی جبکہ بیجنگ اور اس کے قریبی صوبے ہیبی میں 4 فروری سے سرمائی اولمپکس ہونےہیں۔
دوسری جانب بیجنگ کے قریبی شہر تیانجن میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کے تیسرے مرحلے میں اومی کرون کے مزید 59 کیس سامنے آئے ہیں۔ چین میں اومی کرون کے کیسز پانچ صوبوں میں رپورٹ ہوچکے ہیں۔