سعودی عرب: بچوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز

سعودی عرب میں بچوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا۔

وزارت صحت کے مطابق مملکت میں 5 سے 11 سال کے بچوں کے لیے ویکسین کی فراہم کا ‏مرحلہ شروع ہو گیا ہے اور والدین پہلی فرصت میں بچوں کو ویکسین لگوائیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 5 سے 11 سال تک کے بچوں کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ‏دستیاب ہے۔ اس سے قبل ان بچوں کو ویکسین لگائی جارہی تھی جو وائرس سے زیادہ متاثر ہو ‏سکتے تھے۔مذکورہ عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے لیے توکلنا اور صحتی ایپ کے ذریعے وقت لیا جا سکتا ‏ہے۔

والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر بچوں کو ویکسین لگوائیں۔مملکت کی وزارت صحت نے عمر کے اعتبار سے ویکسین کی نوعیت کا چارٹ جاری کیا جس کے ‏تحت 5 سے 11 برس کے بچوں کے لیے ’فائزربائیونیٹک‘ ویکسین مختص کی گئی ہے۔

اسی طرح موڈرنا ویکسین کےلیے عمر کی حد 12 برس سے 17 برس متعین کی گئی ہے جبکہ 18 ‏برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دیگر ویکیسینز فراہم کی جارہی ہیں جن میں ‏اسٹرازائینکا اور جانس اینڈ جانس شامل ہیں۔

وزارت صحت نے کہا کہ ویکسینز کا مذکورہ چارٹ عمر کے اعتبار سے متعین کیا گیا ہے جو وزارت ‏صحت کے ویکسینیشن سینٹرز کو بھی فراہم کردیا گیا ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ ویکسین کی تیسری خوراک جسے بوسٹرڈوز کہا جاتا ہے مرض کی شدت اور ‏وائرس کی تبدیل ہونے والی شکلوں سے انسانی جسم کو محفوظ رکھنے میں کافی اہم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں