ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی ویزا اپیل مسترد، آسٹریلیا سے ڈی پورٹ

سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو 10 روز سے جاری ویزہ کے حصول کی جنگ میں ناکامی کے بعد آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ آج آسٹریلیا کی فیڈرل کورٹ نے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی ویزا اپیل مسترد کردی تھی، تین ججز نے متفقہ طور پر جوکووچ کی اپیل مستردکی۔

آسٹریلین میڈیا رپورٹس کے مطابق اپیل مسترد ہونے پرجوکووچ کو آسٹریلیا سے ملک بدر کر نے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد  وہ آسٹریلین اوپن کی دوڑ سے بھی باہر ہوگئے۔

عدالتی حکم کے مطابق جوکووچ  کو ملک سے باہر جانے تک حراست میں رکھنےکا حکم دیا گیا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے دبئی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں وہ آسٹریلیا سے براستہ دبئی واپس سربیا جائیں گے۔

واضح رہےکہ نوواک جوکووچ بغیرکویڈ ویکسین کے ٹینس آسٹریلیا کی جانب سے ملے طبی استثنا پر آسٹریلیا پہنچے تھے ۔

پہلی بار آسٹریلین بارڈر فورس نے کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر نوواک جوکووچ کو حراست میں لیا تھا اور ان کا ویزا منسوخ کردیا گیا، جس کے بعد انہوں نے عدالت سے اپیل کی اور ان کا  ویزا بحال کر دیا گیا تاہم تین دن بعد ہی  آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر نے جوکووچ کا ویزا دوبارہ منسوخ کر دیا۔ ٹینس اسٹار نے اس فیصلے کو  فیڈرل کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں