بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت ممبئی کے علاقے باندرہ میں سمندرکنارے واقع ہے، جہاں اکثر ان کے مداح اپنے اسٹار کو دیکھنے کیلئے جمع ہوتے ہیں لیکن حال ہی میں ان کی رہائش گاہ خطرے میں آ گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے، مہاراشٹرا پولیس کو ایک نامعلوم شخص کی طرف سے فون کال موصول ہوئی جس میں کنگ خان کی رہائش گاہ سمیت ممبئی کے مشہور مقامات پر متعدد بم دھماکے کرنے کا دعویٰ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔
بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت سمیت ممبئی کے مشہور مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے نامعلوم شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فون کال کرنے والے کی شناخت جیتیش ٹھاکر کے نام سے ہوئی ہے جو مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پورکا رہائشی ہے۔
اس کے علاوہ پولیس نے مزید بتایا کہ جب ہم نے اس شخص گرفتار کیا تو ہمیں معلوم ہوا کہ یہ ماضی میں بھی سی ایم ہیلپ لائن اور ڈائل 100 پر نشے میں جعلی فون کالز کرتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جبل پور پولیس نے جیتیش ٹھاکر کے بارے میں بتایا کہ فون کالز پر بم سے اُڑانے کی دھمکی کے پیچھے اس شخص کا کوئی مقصد نہیں، اصل میں اس کی شادی شدہ زندگی خوشگوار نہیں اس لیے وہ اکثر نشے کی حالت میں یہ کالز کرتا ہے