عالمی بینک نے ایران کو 9 کروڑ ڈالر فنڈنگ کی منظوری دے دی

تہران: عالمی بینک نے ایران کو کورونا سے نمٹنے کے لیے 9 کروڑ ڈالر فنڈنگ کی منظوری دے دی ہے۔

ترجمان عالمی بینک کا کہنا ہے کہ فنڈنگ کی رقم طبی ساز و سامان کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی اور رقم ایران کے بجٹ میں نہیں جائے گی جبکہ عالمی ادارہ صحت انتظام کا ذمہ دار ہوگا۔

ترجمان عالمی بینک کا کہنا تھا کہ یہ رقم وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے مددگار ثابت ہوگی اور قرض کی تمام رقم کی تقسیم کا نظام بھی عالمی ادارہ صحت کے ہی کنٹرول میں رہے گا۔

واضح رہے کہ مئی 2020 میں عالمی بینک نے ایران کورونا ایمرجنسی رسپانس پروجیکٹ کے ذریعے تہران کو 50 ملین ڈالر فنڈنگ کی منظوری دی تھی جبکہ یہ اقدام غیر معمولی بنیادوں پر عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیا گیا تھا۔

ترجمان نے ایران کو خطے میں کورونا کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات سے پڑوسی ممالک کو فائدہ پہنچے گا اور خاص کر کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

رپورٹس کے مطابق ایران میں عالمی وبا کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 32 ہزار اموات رپورٹ ہوچکی ہیں جبکہ 60 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔

عالمی بینک کے ترجمان کے مطابق آلات کی تقسیم اور تنصیب کا عمل عالمی بینک کی جانب سے منظور شدہ صحت کے قوانین کے تحت کی جائے گی جو کہ آزادانہ نگرانی اور تصدیق سے مشروط ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں