ہندوستانی وزارت صحت نے اومی کرون وائرس سے پہلی موت کی تصدیق کی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 74 سالہ شخص کا تعلق ہندوستان کی ریاست راجھستان سے تھا، رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص ذبیطیس سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھا۔
دوسری جانب بھارت میں اب تک 2 ہزار 630 افراد میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، صرف جمعرات تک 90 ہزار سے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 6 گنا زیادہ ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں کیسز سامنے آنے پر ممکن ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ وائرس زیادہ تیزی سے پھیل جائے۔
حکام کے مطابق کیسز کی رفتار دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ یہ بھارت میں کرونا کی نئی لہر کی علامات ہیں۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 325 اموات ہوئیں، جس میں سے ایک ہلاکت اومی کرون وائرس سے رپورٹ ہوئی۔
ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اومی کرون سے متاثرہ مریض کو 15 دسمبر کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جو 15 روز زندگی اور موت کی جنگ لڑتا رہا، ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ اومی کرون سے انتقال کرنے والا شہری مکمل ویکسین شدہ تھا۔
نئی دہلی اور مہارشٹرا سمیت کئی ریاستوں میں کرونا پابندیوں میں نرمی ختم کرکے رات کا کرفیو نافذ اور اجتماعی تقریبات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں کرونا کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 35 ملین سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ 4 لاکھ 82 ہزار سے زائد اموات ہوئیں.