29 سالہ محمد ملک نے رشتے کی تلاش کے لیے انگلینڈ میں بِل بورڈز لگادیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد ملک انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے رہائشی ہیں جو ایک انوویشن کنسلٹنٹ ہونے کے ساتھ اپنا کاروبار بھی کرتے ہیں، انہوں نے مختلف مقامات پر بل بورڈز لگائے ہیں جس پر ان کی تصویر موجود ہے۔
بل بورڈز پر ناصرف شہری نے اپنی تصویر لگوائی بلکہ اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ انہیں ارینج میریج سے بچایا جائے۔
محمد ملک نے معقول رشتے کی تلاش کے لیے ویب سائٹ بھی بنائی ہے جس میں انہوں نے ویب سائٹ کو تشکیل دینے کا مقصد واضح کیا۔
محمد ملک کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق انہیں ایک ایسی ساتھی کی ضرورت ہے جس کا مذہب مسلم ہو اور وہ اپنی روایات اور مذہب کو اچھے طریقے سے لے کر چلے۔
انہوں نے کہا کہ ’لڑکی کا تعلق کسی بھی ذات یا خاندان سے ہو، اس معاملے میں مجھے کسی قسم کی پریشانی نہیں لیکن میرا تعلق پنجابی خاندان سے ہے‘۔
انہوں نے لڑکی کی خصوصیات کے حوالے سے لکھا کہ شخصیت اور اس کا ایمان اہم ہیں۔
محمد ملک نے اپنی ویب سائٹ پر یہ بھی کہا کہ ’میں اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہوں اس لیے میری بیوی کو میرے ماں باپ کا خیال رکھنا ہوگا، میں نے لڑکی ڈھونڈنے کے لیے اس طریقے کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ رشتہ ڈھونڈنے کے لیے رشتہ آنٹی والا روایتی طریقہ مجھے راس نہیں آرہا تھا‘۔