کرونا کی نئی قسم کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث اور موسم کی خراب صورتحال نے سالِ نو کے آغاز پر سفر کی رکاوٹوں کو بڑھادیا جس کے نتیجے میں گزشتہ روز دنیا بھر میں 4 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ان 4 ہزار پروازوں میں سے نصف سے زائد امریکا کی تھیں جنہیں کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے منسوخ کیا گیا۔
برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق پروازوں سے باخبر رہنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر ڈاٹ کام کے مطابق اتوار کو جی ایم ٹی (گرین وچ مین ٹائم) کے مطابق رات 8 بجے تک امریکا میں یا وہاں سے جانے والی 2400 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
عالمی سطح پر گزشتہ روز 11 ہزار 200 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
فلائٹ اویئر کے مطابق سب سے زیادہ پروازیں جن ایئرلائنز کی منسوخ ہوئیں ان میں اسکائی ویسٹ اور ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز شامل ہیں۔
اسکائی ویسٹ کی 510 اور ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن کی 419 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات عام طور پر فضائی سفر کا بہترین وقت ہوتی ہیں، لیکن تیزی سے پھیلنے والے اومی کرون ویرینٹ کی وجہ سے کرونا وائرس کے کیسز میں بڑا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے پائلٹس اور فضائی عملے کے قرنطینہ کی وجہ سے ایئرلائنز پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔
امریکا بھر میں ٹرانسپورٹیشن ایجنسیاں بھی کرونا وائرس سے متعلقہ عملے کی کمی کی وجہ سے خدمات کو معطل یا انہیں کم کررہی ہیں۔
اومی کرون کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس نے دنیا کے ایک بڑے حصے میں سالِ نو کی رونقوں کو بھی ماند کردیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا میں کرونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے کچھ کمپنیوں نے اپنے دفاتر سے کام کرنے والے ملازمین کی تعداد میں اضافہ کرنے کے منصوبوں کو تبدیل کیا ہے.