انگلینڈ نے بگ بیش لیگ میں شامل اپنے کھلاڑیوں کو واپس آنے کی ہدایت کردی

انگلینڈ نے آسٹریلین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بگ بیش لیگ میں شریک اپنے 6 کھلاڑیوں کو جمعے تک ایونٹ چھوڑنے کی ہدایت کردی، تاکہ وہ آئسولیشن مکمل کر کے قومی ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کر سکیں۔

انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل 6 کھلاڑی سیم بلنگز ، ثاقب محمود، ٹائمل ملز، جارج گارٹن، ریس ٹوپلے اور جیمز وینس اس وقت بگ بیش لیگ میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق انگلش بورڈ نے مذکورہ کھلاڑیوں کو جمعے تک ایونٹ چھوڑ کر آ ئسولیشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ وہ ٹیم کے ساتھ دورہ ویسٹ انڈیز پر جاسکیں۔

دوسری جانب ایشیز سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شریک ایک نیٹ بولر کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اس کے بعد تمام نیٹ بولرز کو ٹریننگ سے الگ کردیا گیا، ہیڈ کوچ سلور ووڈ کا میلبرن میں کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا وہ 8 جنوری تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

میلبرن میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، آسٹریلوی میڈیا کے مطابق گلین میک گرا کا ایشز ٹیسٹ کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں