انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کیٹیگری میں پلئیرز آف دی ایئر کی ووٹنگ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو نامزد کردیا۔
آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کے لیے نامزد کردہ بہترین کھلاڑیوں میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کے علاوہ بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن، جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملان اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بابراعظم بیٹنگ میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پہلا نمبر ہے.
کپتان بابراعظم کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم پاکستان نے رواں سال 29 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں 20 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 6 ہارے اور 3 میچ بےنتیجہ رہے ہیں۔
بابر نے رواں سال ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے ہارنے کی روایت کو بھی توڑا اور 10 وکٹوں کے مارجن سے بڑی شکست سے دوچار کیا۔
اس سے قبل گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو سال 2021 شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مینز پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سری لنکا کے ہسا رنگا، آسٹریلیا کے مچل مارش اور انگلینڈ کے جوز بٹلر شامل تھے۔