جاپان میں دنیا کی پہلی ڈوئل موڈ(دوہری صلاحیت) گاڑی کا افتتاح کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوہری صلاحیت(بس اور ٹرین) فراہم کرنے والی گاڑی کا افتتاح جاپان کے شہر توکو شیما کے علاقے کایو میں ہوا جس میں بیک وقت 21 مسافر سوار ہو سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گاڑی کو روڈ اور ریل ٹریک دونوں پر چلایا جاسکتا ہے،یہ گاڑی دوسری گاڑیوں کی طرح ربر کے ٹائر پر چلتی ہے لیکن جب انٹرچینج پر پہنچتی ہے تو اس کے نچلے حصے میں موجود اسٹیل کے ٹائر ریل ٹریک پر آجاتے ہیں اور گاڑی ٹرین کی طرح چلنے لگتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس ڈوئل موڈ والی گاڑی کو بس سے ٹرین میں تبدیل ہونے میں صرف 15 سیکنڈز لگتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ گاڑی ریل کی صورت میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ روڈ پر 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈوئل موڈ گاڑی بنانے والی کمپنی(Asa Coast Railway company) کے سی ای او کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ کا بہترین متبادل ہے ۔