جرمنی اور برطانیہ کے بعد فرانس میں بھی کورونا کی نئی لہر جاری ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک روز میں کوویڈ کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپ کے دیگر ملکوں کی طرح فرانس میں بھی کورونا کی اومیکرون قسم قہر ڈھا رہی ہے۔
فرانس میں گزشتہ روز کوویڈ کے ایک لاکھ 4 ہزار 611 کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ فرانس کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
کوویڈ کی حالیہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے فرانسیسی حکومت نے حفاظتی اقدامات کے لیے سر جوڑ لئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پیر کو فرانسیسی صدر ملک میں نئی پابندیوں کا اعلان کریں گے۔
فرانس کی وزارت صحت نے صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں بالغ افراد کو ویکسینیشن مکمل ہونے کے 3 ماہ مکمل ہونے پر ویکسین کی ایک اور خوراک لگوانے کی سفارش کردی ہے۔
فرانس میں کورونا ویکسینیشن مکمل کرنے والوں کو خصوصی ہیلتھ پاس جاری کیا جاتا ہے، اسی پاس کی بنیاد پر لوگ عوامی مقامات اور اندرون و بیرون ملک سفر کیا جاسکتا ہے۔
اومیکرون کی موجودہ لہر کے پیش نظر فرانسیسی حکومت صرف ان افراد کو ہی ہیلتھ پاس جاری کرے گی جو ویکسین کی اضافی خوراک لگوائیں گے۔