ٹیسلا کار کی ری پیئرنگ کا خرچہ سن کر ہی آدمی نے گاڑی دھماکے سے اڑادی

یورپی ملک فن لینڈ میں ایک آدمی کی ٹیسلا کارمیں خرابی آ گئی اور جب اس نے ری پیئرنگ کی لاگت سنی تو ایسا دلبرداشتہ ہوا کہ اس نے گاڑی ہی دھماکے سے اڑا ڈالی۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ٹائمز نو نیوز (Times Now News) کے مطابق فن لینڈ کے علاقے کائیمنلاکسو میں واقع گاﺅں جالہ (Jaala)کے رہائشی اس شخص کا نام ٹوماس کاٹنین ہے جس کے پاس ٹیسلا کی ماڈل ایس گاڑی تھی۔

ٹوماس نے اپنی گاڑی کے سسٹمز میں خرابی آنے پر اسے ایک ٹیسلا سروس سنٹر بھیجا۔ ایک ماہ بعد اسے بتایا گیا کہ جب تک گاڑی کا مکمل بیٹری پیک تبدیل نہیں ہوتا، یہ خرابی دور نہیں ہو سکتی اور اس پر 22ہزار 480ڈالر (تقریباً 40لاکھ روپے) لاگت آئے گی۔جب ٹوماس نے اتنی زیادہ لاگت کے بارے میں سنا تو سر پیٹ کر رہ گیا اور اپنی گاڑی سنٹر سے بغیر ٹھیک کروائے واپس لے آیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹوماس صورتحال سے اس قدر دلبرداشتہ ہوا کہ اس نے گاڑی کو دھماکے سے اڑانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس نے کچھ رضاکاروں کی مدد حاصل کی، انہوں نے گاڑی میں 30کلوگرام ڈائنامائٹ نصب کیا، ٹیسلا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کا پتلا بنا کر ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھایا اورگاڑی کو دھماکے سے اسے اڑا دیا۔ انہوں نے گاڑی کو دھماکے سے اڑائے جانے کی ویڈیو بھی بنائی۔ بعد ازاں یہ ویڈیو یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

ٹوماس کا کہنا ہے کہ ”جب میں نے یہ کار خریدی تو پہلے 1500کلومیٹر بہترین چلی لیکن پھر اس کے خودکار سسٹم میں خرابیاں آنے لگیں۔ میں نے گاڑی ایک ٹرک میں لوڈ کروائی اور ٹیسلا سروس سنٹر بھجوا دی۔ وہاں سے ایک ماہ کے انتظار کے بعد کال آئی اور بتایا گیا کہ وہ گاڑی ٹھیک نہیں کر سکتے۔ اس کے ٹھیک ہونے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اس کا مکمل بیٹری پیک تبدیل کیا جائے۔ میں نے اسی وقت انہیں بتا دیا کہ میں گاڑی واپس لینے آ رہا ہوں اور میں اسے دھماکے سے اڑا دوں گا۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں