پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔
نینشل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کوویڈ سے متاثرہ کیریبین ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 158 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، کپتان بابراعظم 76 جبکہ محمد رضوان نے 87 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ فخر زمان نے 12 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں جارح مزاج آصف علی نے ناقابلِ شکست 16 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈین اسمتھ، روماریو شیپراڈ اور ڈومینک ڈریکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر برینڈن کنگ اور شامارا بروکس نے 66 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور باالترتیب 43 اور 49 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان نکولس پورن نے 64 رنز بناکر نمایاں رہے انکی اننگز میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، اس کے علاوہ ڈاؤین براو نے ناقابلِ شکست 34 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 200 کے پار پہنچادیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونئیر 2 جبکہ شاہنواز دھانی ایک وکٹ حاصل کرسکے تھے۔