بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان روہت شرما سے اپنے اختلافات اور جھگڑے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ون ڈے کے لیے دستیاب تھے اور دستیاب ہیں۔
بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں، جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی سیریز میں روہت شرما کو ٹیسٹ سے باہر رکھا گیا جبکہ ویرات کوہلی نے ون ڈے کھیلنے سے معذرت کرلی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ میں سلیکشن کے لیے دستیاب تھا، دستیاب ہوں اور ہمیشہ بھارتی ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب رہا ہوں، میں ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے بے تاب تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑنے کا خود کہا سلیکشن کمیٹی نے مجھ سے ٹیسٹ ٹیم کی سلیکشن کا پوچھا اور بتایا کہ میں ون ڈے کا کپتان نہیں ہوں، ون ڈے ٹیم کے حوالے سے بات نہیں ہوئی، کپتان نہ ہونے کا کہا گیا تو ٹھیک ہے۔
کوہلی نے مزید کہاکہ میرے اور روہت شرما کے درمیان کوئی اختلاف اور جھگڑا نہیں ہے۔