آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا ہے جو اگلے برس مارچ کے مہینے میں نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ ویمنز ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 4 مارچ کو میزبان ٹیم نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہوگا۔

ویمنز ورلڈ کپ کا دوسرا میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 5 مارچ کو ہوگا جبکہ پاکستانیوں کے لیے ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت میچ 6 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچز 30 اور 31 مارچ کو کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 3 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے افریقی ممالک میں پھیلاؤں کے باعث آئی سی سی نے زمبابوے میں ہونے والے کوالیفائر میچز روک دیے تھے جبکہ ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق 5 دسمبر تک کھیلا جانا تھا۔

ٹورنامنٹ کی منسوخی کے بعد قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی تھی جبکہ آئی سی سی نے رینکنگ کی بنیاد پر پاکستان، بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کو ڈائریکٹ کوالیفائی کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں