امریکی ٹیکنالوجی جائنٹ گوگل کے کروم آپریٹنگ سسٹم کے لیے اینڈروئیڈ ایپلی کیشنز نہایت اہمیت کی حامل ہیں تاہم حال ہی میں جاری کی گئی نئی اپ ڈیٹ بہت سی اینڈروئیڈ ایپس کے لیے مسائل کا سبب بن رہی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ گیجٹس ناؤ کے مطابق گوگل سپورٹ فورمز کروم او ایس 96 اپڈیٹ کی کافی زیادہ شکایتیں کی جارہی ہیں۔ اینڈروئیڈ استعمال کنندگان کی جانب سے پوسٹ کی گئی شکایات کے مطابق جن افراد نے کروم او ایس 96 کو اپ ڈیٹ کرلیا ہے ان کی ڈیوائسز میں بہت ساری ایپلی کیشنز کام نہیں کر رہی ہیں، جب کہ بہت سے صارفین کے مطابق اس اپ ڈیٹ کے بعد ان کا گوگل پلے اسٹور بھی کریش ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درجنوں شکایت کنندگان نے کروم او ایس 96 کو گوگل کا بگ ٹریکر قرار دیتے ہوئے اس میں موجود خامیوں کو جلد از جلد دور کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
دوسری جانب گوگل نے کروم آپریٹنگ سسٹم کی اس نئی اپ ڈیٹ میں موجود خامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ ہم اس مسلئے کو اجاگر کرنے والے اپنے تمام صارفین کے شکر گزار ہیں، ہماری ٹیم اس بات سے آگاہ ہے کہ اس اپ ڈیٹ کے بعد بہت سی ایپس کھل نہیں رہی ہیں اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ہم تندہی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔‘
گوگل کی جانب سے رواں سال 30 نومبر کو پیش کی گئی اس اپ ڈیٹ کو دنیا بھر میں صارفین نے بہت تیزی سے انسٹال کرلیا تھا، کیوں کہ کروم 96 کو ڈیسک ٹاپ ورژن کےلیے بیک ورڈ- فارورڈ Cache سپورٹ کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔
اس اپڈیٹ میں بہت زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹ کی نیوگیشن کو مزید تیز بنانے اور ڈیٹا بچانے کا فیچر بھی دیا گیا تھا۔ جب کہ ویب سائٹ کے لحاظ سے ڈارک تھیم کا آپشن بھی دیا گیا تھا جس کی مدد سے استعمال کنندگان کسی بھی ویب سائٹ میں ڈارک موڈ کو ان ایبل( فعال) کرسکتے ہیں۔
کروم 96 میں ایک اورمفید فیچر بھی متعارف کروایا گیا جو کہ کروم یوزر کے لیے سنک (Sync) فیچر کو روکنا ہے۔ اس فیچر کی وجہ سے کروم براؤزرآپ کے پاس ورڈز، بک مارکس، سرچ ہسٹری، کھلی ہوئی ٹیبس اور کمپنی کے سرور کی جانب سے تجویز کی گئی سیٹنگز( ترتیبات) کو اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے۔
اس فیچر کی مدد سے یوزر کو ایک ہی گوگل اکاؤنٹ استعمال کرتے ہوئے مختلف ڈیوائسز پر اپنی محفوظ کی گئی تمام معلومات تک رسائی مل جاتی ہے۔ جب کہ اس سے استعمال کنندہ کو جی میل، یوٹیوب اور دیگر گوگل سروسز تک خود کار لاگ ان کرنےمیں بھی مدد ملتی ہے۔
اس فیچر کو اپنی نجی معلومات اور پرائیویسی کے لیے حساس یوزر کی جانب سے بہت سراہا گیا۔