بورس جانسن کا اومی کرون ایمرجنسی بوسٹر نیشنل مشن کا اعلان

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اومی کرون ایمرجنسی بوسٹر نیشنل مشن کا اعلان کردیا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے قوم سے خطاب میں کہا کہ تمام بالغ افراد کو نئے سال سے قبل بوسٹر کی پیشکش کی جائے گی، 3 ماہ قبل دوسری ڈوز لگوانے والے بوسٹر لگوانے کے حقدار ہوں گے۔

بورس جانسن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے، اومی کرون کی بڑی لہر آرہی ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ اب ہمیں اس نئے ویرینٹ کے خلاف جنگ میں ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ یہ واضح ہوگیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں ہمیں موثر تحفظ دینے کے لئے کافی نہیں۔

رپورٹس کے مطابق جلد بوسٹر ڈوز لگانے کیلئے 42 ملٹری پلاننگ ٹیمیں ہر ریجن میں تعینات ہوں گی۔ انگلینڈ میں اضافی ویکسین سائٹس اور موبائل یونٹ بھی قائم کئے جائیں گے۔

علاوہ ازیں برطانیہ میں کورونا کی خطرناک قسم اومی کرون کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد کورونا الرٹ لیول تین سے بڑھا کر چار کردیا گیا۔

ویکسی نیشن سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ بیماری کے خلاف تیسری بوسٹر ویکسین تحفظ فراہم کرتی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، یہاں مجموعی کیسز کی تعداد 3 ہزار 137 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کا اومی کرون ویرینٹ ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ اومی کرون کورونا ویکسین کی افادیت کو کم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے، اومی کرون دنیا کے 63 ممالک تک پھیل چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں