سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور امارات کے تعلقات تمام شعبوں میں مضبوط ہیں۔ خصوصاً تجارت کے شعبوں میں دونوں ملکوں نے غیر معمولی پیش رفت کی ہے۔ دونوں ممالک مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی تجارت کو فروغ دے رہے ہیں۔
سرکاری خبر ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ماجد القصبی نے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ امارات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ملک تاریخی رشتوں، برادرانہ تعلقات، مشترکہ رسم و رواج اور یکساں مستقبل سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کی ملاقاتوں میں سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت کے قیام میں مدد ملی ہے اور نئے مواقع ابھر کر سامنے آئے ہیں۔
سعودی وزیر تجارت کے مطابق چار برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم بڑھ کر 365 ارب ریال تک پہنچ گیا ہے اور سعودی اماراتی رابطہ کونسل کے ذریعے اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وژن نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پُرکشش مسابقت کا ماحول تخلیق کیا ہے اور امکانات کے نئے دروازے کھولے ہیں۔