سعودی عرب کا پاکستانی عمرہ زائرین کوویزا جاری کرنیکی ہدایت

سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستانی عمرہ زائرین کو ویزے جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گيا ہے کہ پاکستان کے علاوہ انڈونیشیا، مصر اور بھارت کے عمرہ زائرین کو بھی ویزے جاری ہوں گے۔

اعلاميے کے مطابق عمرہ زائرین براہ راست فلائٹ پر سعودی عرب پہنچ سکیں گے۔

کرونا سے بچاؤ کی دونوں خوراکیں لینے والے افراد قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ سنگل ڈوز کے حامل زائرین کو پانچ روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

ایک ہفتہ قبل، سعودی وزارت حج و عمرہ نے سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی آمد کے حوالے سے شرائط جاری کی تھیں۔

نئے شرائط کے مطابق سعودی عرب حکومت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین لگوانے والے غیر ملکی زائرین کو سعودی عرب میں آمد کے ساتھ ہی بغیر کسی قرنطینہ کے عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق ایسے افراد جنہوں نے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے منظور شدہ ویکسین لگوائی ہوئی ہے انہیں عمرہ کی ادائیگی سے قبل 3 دن تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا اور 48 گھنٹوں بعد ان افراد کو منفی کرونا ٹیسٹ کی صورت میں عمرہ کی اجازت دی جائے گی۔

سعودی حکام کے مطابق تمام زائرین کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے ممالک سے کرونا وائرس کی ویکسین کی ضروری خوراک مکمل کر کے آئیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں