انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب یارکشائر نے نسلی تعصب برتنے پر 16 رکنی کوچنگ اسٹاف کو برطرف کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاؤنٹی کرکٹ کلب یارکشائر نے یہ اقدام پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر عظیم رفیق کی جانب سے لگائے گئے الزام کے بعد کیا.
یارکشائر کرکٹ کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ڈائریکٹر آف کرکٹ مارٹن موکسن اور فرسٹ الیون کے کوچ اینڈریو گالے نے آج 3 دسمبر کو کلب کو چھوڑ دیا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ کوچنگ ٹیم کے دیگر ارکان کو بھی کلب سے ہٹادیا گیا ہے.
کلب کا کہنا ہے کہ نئے ڈائریکٹر آف کرکٹ اور نئی کوچنگ ٹیم کا انتخاب جلد عمل میں لایا جائے گا۔یارکشائر کے مطابق مجموعی طور پر 16 افراد کو فارغ کیا گیا جن میں پویلین فزیوتھراپی کلینک کے فراہم کردہ بیک روم میڈیکل ٹیم کے 6 ارکان بھی شامل ہیں۔
یارکشائر کرکٹ کلب کے نئے چیئرمین لارڈ کملیش پٹیل کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مشکل تھا لیکن کلب کے بہترین مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ عظیم رفیق نے انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان پر بھی نسلی تعصب کا الزام لگایا تھا۔