ڈیوس کپ ٹینس ٹورنامنٹ ، جرمنی کی ٹیم نے برطانیہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

عالمی ٹینس کی مشہور ٹیم انگلینڈ کا ایونٹ ڈیوس کپ ٹینس ٹورنامنٹ میں سفر کوارٹر فائنل سے آگے نہ بڑھ سکا۔

جرمنی کے کیون کراویٹوز اور ٹم پوئٹز کی جوڑی نے کوارٹر فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد برطانوی جوڑی جو سالسبری اور نئیل سکوپسکی کو 7- 6، 7- 6 اور 7- 5 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

برطانوی ٹینس جوڑی نے پہلے ہی ٹائی بریک میں چار سیٹ پوائنٹ ضایع کئے جس کے بعد 5- 0 کی برتری چند لمحوں میں ہی ختم ہو گئی۔

جو سالسبری کے مطابق ہم واضح اور یقینی جیت کی طرف گامزن تھے اور ہم ٹائی بریک میں جیت سکتے تھے مگر افسوس ہم نے مسلسل سات پوائنٹس ضایع کئے جس کا نتیجہ شکست کی صورت میں نکلا، سالسبری کے مطابق یہ میچ انتہائی دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلہ تھا جس میں ہم کو کامیابی نہ مل سکی۔

جرمنی کی ٹیم انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں نے اس اعصاب شکن مقابلے میں اپنے حواس کو قابو میں رکھا اور ایک بہترین فتح اپنے نام کی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ایک مرحلے پر یقین ہو چلا تھا کہ اب گھر واپسی کا ٹکٹ کٹانا پڑے گا، مگر پھر کھلاڑیوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، یہ ایک ناقابل یقین لمحہ تھا اور ٹینس میں ایسے لمحات انتہائی قیمتی ہوتے ہیں۔

ڈیوس کپ ٹینس کے سیمی فائنل مقابلوں میں جرمنی کا ٹاکرا سوئڈن یا پھر رشین ٹینس فیڈریشن کی ٹیم سے ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں