بھارت میں جنوبی افریقا سے واپس آنے والے شہری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں ایک شہری کی حال ہی میں جنوبی افریقا سے واپسی ہوئی جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ کورونا وائرس میں مبتلا شہری کے حوالے سے فوری طور پر یہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ وہ انتہائی مہلک اومی کرون ویرینٹ سے متاثر ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہری نے 24 نومبر کو جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن کا سفر کیا تھا جہاں سے واپسی پر اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد حکام نے اسے فوری طور پرآئسولیشن سینٹر منتقل کردیا۔
مقامی حکام کا بتانا ہےکہ متاثرہ شہری کا بھارت واپسی کے بعد کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
واضح رہےکہ جنوبی افریقا سے سامنے آنے والے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کو عالمی ادارہ صحت نے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے جس کے بعد کئی ممالک نے جنوبی افریقا پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔