واٹس ایپ نے ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے منفرد فیچر متعارف کروانے کی تیاری شروع کردی ، جس کے بعد اپنی مرضی کی تصویر کو پی این جی اسٹیکر بنانا ممکن ہوگا۔
واٹس ایپ کی جانب سے دنیا بھر میں موجود دو ارب سے زائد صارفین اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں سبقت برقرار رکھنے کے لیے آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔
واٹس ایپ نے اپنی سروس کو مزید بہتر کرنے کے لیے اب ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جس کے بعد وہ اپنی پسند کی کسی بھی تصویر کو اسٹیکر کی صورت میں بدل سکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے چیٹ ونڈوز میں Attachment پر کلک کر کے وہاں اسٹیکرز کا انتخاب کرنا ہوگا ، جس کے بعد صارف اپنی پسند کی تصویر اپ لوڈ کرے گا تو وہ اسٹیکر کی صورت میں سامنے آجائے گی۔
اپ لوڈ ہونے کے بعد اسٹیکر کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل بھی کیا جاسکے گا، جیسے اُس کے ساتھ کچھ لکھنا، پس منظر کو ختم کرنا یا غیر ضروری مناظر کو چھوٹا کیا جاسکے گا۔ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر آئندہ ہفتے سے بیٹا ورژن صارفین استعمال کرسکیں گے۔